ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم آج اپنا پہلا وارم اپ میچ حیدرآباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں کھیل رہی ہے۔ کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
وارم اپ کے دو شیڈول میچز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا پہلا ٹاکرا نیوزی لینڈ کے ساتھ ہورہا ہے، میچ کا آغاز بھارت کے مقامی وقت کے دوپہر 2 بجے (پاکستان میں ڈیڑھ بجے) ہوگا۔
گرین شرٹس کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر کیویز کو پہلے فیلڈنگ کی دعوت دی۔
وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کی قیادت ٹام لیتھم کررہے ہیں، جبکہ گھٹنے کی سرجری کے بعد کیویزکیپٹن کین ولیم سن میچ کھیل کراپنی فٹنس کا اندازہ لگائیں گے۔
ولیم سن انگلینڈ کہخلاف ورلڈکپ میچ میں دستیاب نہیں ہوں گے، آج کے وارم اپ میچ میں بھی صرف بیٹنگ کریں گے۔
حیدرآباد دکن میں آج موسم ابرآلود رہنےکا امکان ہے اور ہلکی بوندا باندی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بھارت کی جانب سے ویزوں کے اجراء میں تاخیر کے باعث طے شدہ شیڈول کے بعد بھارت پہنچنے والی قومی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز ٹریننگ سیشن میں بھرپورحصہ لیا۔ آپشنل ٹریننگ میں کپتان بابراعظم، شاہین آفریدی،حسن علی ، حارث رؤف، افتخاراحمد، سلمان علی آغا، فخر زمان ایکشن میں نظرآئے۔
محمد حارث ، وسیم جونیئر اورزمان خان بھی ٹریننگ میں جم کر حصہ لیتے نظرآئے۔ کھلاڑیوں نے اسٹیڈیم کے اندر وارم اپ اور فیلڈنگ کی مشقوں کےعلاوہ نیٹس میں جم کربیٹنگ اور باؤلنگ کا سیشن کیا۔
کھلاڑیوں نے اسٹیڈیم کے اندر وارم اپ، فیلڈنگ ڈرلز اور نیٹ سیشن میں حصہ لیا۔ قومی ٹیم کا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف شیڈول ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ سے قبل 10 ٹیمیں 2، 50 اوورز کے میچ کھیلیں گی جو کہ بھارت کے 3 مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز 5 اکتوبر سے ہو گا، اور پاکستان اپنا پہلا میچ نیدر لینڈز کے خلاف 6 اکتوبر کو کھیلے گا۔