تین روز میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 86 روپے کا اضافہ ہو گیا۔آج برائلر مرغی کے فی کلو گوشت کے نرخ میں 49 روپے کا اضافہ ہوا ہے، برائلر مرغی کے فی کلو گوشت کی نئی قیمت 470 روپے مقررکی گئی ہے۔اس اضافے کے بعد 3 روز میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 86 روپے بڑھ چکی ہے، مرغی کے ساتھ ساتھ سبزی و فروٹ کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
زندہ برائلرمرغی کا تھوک ریٹ 312 روپے کلو جبکہ پرچون ریٹ 324 روپے کلو مقرر کیاگیا ہے، انڈوں کی فی درجن قیمت 250 پر برقرار ہے۔دوسری جانب فوڈ اتھارٹی نے کوٹ مومن میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے سرگودھا پولیس کی مدد سے 400 کلو مردہ مرغیاں پکڑ لی ہیں۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق مردہ مرغیوں کو موقع پر تلف کر دیا گیا ہے۔ملزمان اور گاڑی کو پولیس اپنے ساتھ لے گئی ہے، فوڈ اتھارٹی نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔ترجمان کے مطابق مردہ مرغیاں شہر کے مختلف ہوٹلز میں سپلائی کی جانی تھی، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں مردہ مرغیوں کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔