ایشیا کپ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج ٹاکرا جاری ہے۔ بھارتی کپتان روہت شرما نے گرین شرٹس کو پہلے بالنگ کی دعوت دی ۔
پاک بھارت میچ کا آغاز دوپہرڈھائی بجے ہوگا۔
میچ سے قبل بادل برس پڑے جس کے بعد گراؤنڈ اسٹاف نے فیلڈ کو کورکردیا، تاہم ہلکی بارش کے باعث میچ کا وقت تبدیل نہیں کیا گیا تھا۔
ٹاس جیت کر بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ روہت شرما کے مطابق کرکٹ کے تمام شعبوں میں بہترکارکردگی کیلئےکوشاں ہیں۔
پاکستان کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ جلد وکٹیں لیں، ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم میچ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔ تمام کھلاڑی پر اعتماد ہیں۔
ایشیا کپ 2023 میں بھارت کیخلاف اس اہم ترین میچ میں پی سی بی نے نیپال کیخلاف کھیلنے والا اسکواڈ برقرار رکھا ہے۔
گرین شرٹس کے کپتان بابراعظم اور نائب کپتان شاداب خان ہیں ، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان (وکٹ کیپر) امام الحق، حارث رؤف، فخرزمان، سلمان علی آغا،محمد نواز، نسیم شاہ اورشاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
کپتان بابر اعظم نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ جیت کا تسلسل قائم رکھیں گے۔
بارش کا کتنا امکان
اہم میچ سے قبل بارش کی پیشگوئی پہلے سے کی جاچکی تھی تاہم شائقین کو آج صبح یہ خوشخبری سنائی گئی تھی کہ میچ کے دوران بارش کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔ موسم کی پیشگوئی کرنے والی مختلف ویب سائٹس پرکینڈی کا موسم بہتر دکھایاجارہا تھا۔
اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا تھا کہ پاک بھارت میچ میں پورے دن بارش ہونے کے امکانات ہیں تاہم تازہ ترین صورتحال کے مطابق آج کے میچ کے دوران صرف ایک گھنٹہ بارش کا امکان ہے۔
حالیہ پیشگوئی کے مطابق پاکستان اور بھارت کے میچ والے روز دوپہر 2 سے 3 بجے تک بارش کے 40 سے 60 فیصد امکانات ہیں جبکہ سہ پہر ساڑھے 3 بجے کے بعد بارش کا امکان 20 فیصد سے کم ہے۔
سری لنکا کے پالے کیلے اسٹیڈیم کی بچ کیسی ہے؟
پالے کیلے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم بڑے سکورز کے لیے جانا جاتا ہے جہاں میدان میں اترنے والی پہلی ٹیم کو عام طور پر فائدہ ہوا ہے۔
اس اسٹیڈیم نے اب تک 33 میچوں کی میزبانی کی ہے جن میں سے 18 مرتبہ پہلے فیلڈنگ کرنے والی ٹیم نے فتح حاصل کی۔
اگر پاک بھارت میچ کے دوران بارش ہوئی تو کیا ہوگا؟
50 اوور پر مشتمل ون ڈے میچ کا فائدہ یہ ہو سکتا ہے کہ بارش کی صورت میں گراؤنڈ اسٹاف کو کافی وقت مل جاتا ہے کہ وہ کم سے کم اوورز کا کھیل ممکن بنا سکیں اور اگر جم کر بارش برسی تو پاکستان بھارت میچ 20 اوور پر مشتمل ہو سکتا ہے۔
اور اگر یہ بھی ممکن نہ ہو پایا تو دونوں ٹیمیں ایک ایک پوائنٹس شیئر کریں گی، پاکستان خود بخود سُپر 4 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لے گا کیونکہ وہ پہلے ہی نیپال کو شکست دے چکا ہے جب کہ بھارت کو اگلے راؤنڈ میں جانے کے لیے اپنے گروپ فکسچر میں نیپال کو ہرانا ہوگا۔