وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کے اگلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران زبردست تیزی دیکھی گئی، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 3 پزار448 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے ساتھ 100 انڈیکس دوبارہ 76 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز کاروبار کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان ہے۔
کے ایس ای-100 انڈیکس میں 3 ہزار 448 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 76 ہزار پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
کارابری دن کے اختتام تک 100 انڈیکس 3 ہزار 410 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 76 ہزار 208 کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مثبت زون میں ہوا جس کے باعث 100 انڈیکس 207 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 72 ہزار 797 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
بجٹ کا ردعمل اچھا آیا، مارکیٹ اوپر گئی، ایم ڈی پاکستان اسٹاک ایکسچینج
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ایم ڈی فرخ ایچ خان نے وفاقی بجٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے، متوازن بجٹ پیش کیا گیا ہے، وزیراعظم کو مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ریٹیل اسٹیٹ کو ٹیکس نیٹ میں لایا گیا، ٹیکس نیٹ میں نئے شعبے آئے ہیں، نان فائلر ٹیکس نیٹ میں نہ آنے کا درد محسوس کرےگا، ٹیکس لینا ضروری اور اس کا استعمال بھی ضروری ہے، بجٹ آئی ایم ایف پروگرام کے حصول کے لیے معاون ہو گا، آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کے لیے بہت ضروری ہے، آئی ایم ایف پروگرام جلد فائنل ہونا چاہیئے۔
فرخ ایچ خان نے مزید کہا کہ حکومت بنیادی سہولیات دےکر عوام کا معیار زندگی بہتر بنائے، لوگ خوشی سے ٹیکس دیں گے، سی پیک کا فیز ٹو بہت ضروری ہے، سی پیک فیزٹو کامیابی سے آگے بڑھنا چاہیئے، بجٹ کا ردعمل اچھا آیا، مارکیٹ اوپر گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نئے مالی سال 25-2024 کا 18ہزار ارب سے زائد حجم کا بجٹ پیش کردیا تھا، جس میں وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد تک اضافے کے ساتھ ساتھ ملک میں ملازمین کی کم از کم تنخواہ 37 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے اور ملک کے دفاعی اخراجات کے لیے 21 سو 22 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 24 مئی کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 76 ہزار پوائنٹس کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچا تھا جبکہ 15 مئی کو انڈیکس 565 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 100 انڈیکس 75 ہزار 96 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
ن لیگ نے دوسری مرتبہ دفاع کیلئے بڑا بجٹ پیش کردیا
اس سے قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 74 ہزار کی حد عبور کرگیا تھا۔
10 مئی کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا تھا جب ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران ہی بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 427 پوائنٹس اضافے سے 73 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔