حکومت نے آئی ایم ایف سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کردیا۔ تاجردوست اسکیم کا دائرہ 6 سے 42 شہروں تک بڑھا دیا گیا جس کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ رجسٹرڈ تاجروں سے 100 سے ایک ہزارروپے تک ماہانہ ایڈوانس ٹیکس لیا جائےگا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق اسکیم ایبٹ آباد، اٹک، بہاولنگر، بہاولپور، چکوال، ڈیرہ اسماعیل خان، فیصل آباد، گھوٹکی، گجرات، گوادر
حافظ آباد، ہری پور، حیدرآباد، اسلام آباد، جھنگ، جہلم، کراچی بھی فہرست میں شامل ہیں۔
نوٹی فکیشن کے مطابق قصور، خوشاب، لاہور، لاڑکانہ، لسبیلہ، لودھراں، منڈی بہاؤالدین میں بھی اسکیم نافذ ہوگی جبکہ مانسہرہ، مردان، میرپورخاص، ملتان، ننکانہ، نارووال، پشاور میں بھی رجسٹریشن ہوگی۔
تاجر دوست اسکیم کی رجسٹریشن آج سے شروع، کون سے شہر شامل ؟
علاوہ ازیں کوئٹہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ بھی شامل کرلیے گئے جبکہ سکھر اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی تاجر دوست اسکیم نافذ کر دی گئی۔
رجسٹرڈ تاجروں کو ماہانہ 100 سے ایک ہزار روپے تک ایڈوانس ٹیکس دینا ہوگا، ٹیکس کا تعین دکانوں کی فیئرمارکیٹ ویلیو کے حساب سے ہوگا، دکانوں کی فیئر مارکیٹ ویلیو کا تعین ایف بی آر خود کرے گا۔
خیال رہے کہ تاجر دوست اسکیم کا مقصد ٹیکس نیٹ سے باہر کے تاجروں کو رجسٹر کرنا ہے۔ اسکیم کے تحت دکان داروں کی آمدن کا ریکارڈ ایف بی آر کو موصول ہوگا جس سے سالانہ آمدن کے مطابق ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ ایف بی آر کو اس اسکیم سے 100 ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے۔
دوسرے مرحلے میں دیگر شہروں کے تاجروں کی رجسٹریشن شروع کی جائےگی۔ اس کے نتیجے میں سالانہ 300 ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے۔
تاجر دوست اسکیم سے سالانہ 300 ارب کے محصولات کی وصولی متوقع
تاجر دوست اسکیم کے تحت تھوک فروشی، پھل، سبزی، گوشت بیچنے والوں، فرنیچر اور آرائش کے شو روم، زیورات، کاسمیٹکس، میڈیکل، ہارڈ ویئر کے اسٹورز کے لیے رجسٹریشن لازم ہوگی۔