بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے قائم کیے گئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 10 ارب 56 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جون 2025 کے مہینے میں روشن اکاؤنٹس کے ذریعے 18 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی، جب کہ مالی سال 2025 میں مجموعی طور پر 2 ارب 31 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔
اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024 میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 1 ارب 90 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری آئی تھی، جب کہ رواں مالی سال میں اس میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں مسلسل سرمایہ کاری اس بات کا اشارہ ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا اپنے ملک پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ تاہم، اسٹیٹ بینک اور حکومت کے لیے یہ ایک موقع بھی ہے کہ وہ اس اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے مزید شفافیت، سہولت اور منافع بخش اسکیموں کے ذریعے ان ترسیلات کو ملک کی معیشت کے استحکام میں مؤثر طور پر استعمال کریں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آ رہی ہے بلکہ ملک میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے بھی کھل رہے ہیں۔