پاکستان نے ایکسٹرنل فنانس گیپ پر عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کو نئی تجاویز بتادیں۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق نگران حکومت کو رواں مالی سال غیر ملکی سرمایہ کاری میں بڑے اضافے کی امیدیں ہیں اور ایکسٹرنل فنانس گیپ کو براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے پورا کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ہے جب کہ عرب ممالک توانائی، ایوی ایشن، معدنیات اور زراعت میں بڑی سرمایہ کاری کریں گے، عرب کمپنیاں ائیرپورٹس اوربندرگاہوں کی استعداد بڑھانے اور چلانے میں سرمایہ کاری کریں گی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ائیرپورٹ کی آوٹ سورسنگ رواں ماہ ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ خلیج تعاون تنظیم سے آزاد تجارتی معاہدہ ہوگیا ہے ور اب باہمی سرمایہ کاری معاہدہ کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پر وزارت خزانہ سے بریفنگ مانگ لی ہے اور سوال کیا گیا ہےکہ کونسل کے اقدامات سے ٹیکس وصولی اور سبسڈیز پر کیا اثرات ہوں گے؟
ذرائع کے مطابق فرانس، جرمنی اور جنوبی کوریا کی ڈسکوزکے انتظامی کنٹرول والےطویل مدت معاہدوں میں دلچسپی ہے جب کہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن ڈسکوزکا انتظامی کنٹرول نجی شعبے کو دینے پر مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ جنوری سے توانائی، ایوی ایشن، معدنیات اور زراعت میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری بڑھےگی۔