اسٹیٹ بینک پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے لرننگ ریسورس سینٹر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کراچی میں منعقد ہونے والے پاکستان مالی خواندگی ہفتے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک اس بات کو مکمل طو ر پر تسلیم کرتا ہے کہ مالی خدمات تک رسائی ایک بنیادی حق ہے اور ہر شہری کو معیشت میں شرکت کیلیے درکار معلومات اور آلات کی فراہمی کے ذریعے بااختیار بنانا سٹیٹ بینک کا مشن ہے۔
تقریب میں کمرشل بینکوں کے صدور اور چیف ایگزیکٹو افسران، ورلڈ بینک ، الائنس فار فنانشیل انکلوژن کے سینئر حکام اور دیگر فریقوں نے شرکت کی۔
گورنرسٹیٹ بینک نے کہا کہ بینکنگ خدمات تک رسائی میں حیران کن طور پر حالیہ دنوں تک 25-30 فیصد بالغ آبادی کے مقابلے میں دگنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے ، کیونکہ کووڈ 19 وبائی امراض نے ملک میں ڈیجیٹل خدمات کو تیزی سے اپنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔لوگوں کو اپنے مالی معاملات کو دانشمندانہ طریقے سے منظم کرنے کیلیے ضروری علم اور مہارت فراہم کرکے ہم انھیں غربت کا چکر توڑنے، مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے اور معاشی ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلیے بااختیار بناتے ہیں۔