وزیراعظم شہبازشریف سے استنبول گرینڈ ائیرپورٹ وفد نے ملاقات کی ہے۔ جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم کی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف سےاستنبول گرینڈ ائیرپورٹ وفد نے ملاقات کی، وفد میں آئی جی اے بورڈ ممبر، چیف ایئرپورٹ آپریٹنگ افسر، ترکیہ کےقونصل جنرل، سفارتی عملےکے اراکین، خواجہ آصف، احدخان چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ افسران موجودتھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہم سب سے پہلےاسلام آباد ایئرپورٹ کے کچھ کمرشل آپریشنز کو آؤٹ سورس کرنے کی پیشکش کے ساتھ ساتھ اسلام آباد،کراچی اور لاہور کے ہوائی اڈوں پر دستیاب سہولیات کو بڑھانےکے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پرانحصار بڑھا رہا ہے، پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، اور برادر ملک ترکیہ سےسرمایہ کاری کوفروغ دینےکےخواہاں ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری شراکت داری بڑھانے کا یہی مناسب وقت ہے۔ وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کے مواقع میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔ پی ایم آفس پریس ونگ کی جانب سے جاری کیا گیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کمرشل پرواز کے ذریعہ سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوئے ہیں، وزیراعظم عمرہ کی ادائیگی کے علاوہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ میں نماز ادا کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کچھ دیر بعد ہم وزیراعظم کے ساتھ سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے، کابینہ کے اراکین کے علاوہ وزیراعظم کے اہل خانہ بھی ان کے ہمراہ جائیں گے، یہ وفد کمرشل فلائٹ سے روانہ ہوگا، وفد کے تمام اراکین اخراجات اپنی جیب سے ادا کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا تھا کہ وزیراعظم کے ہمراہ جو وزرا ساتھ جا رہے ہیں، ان میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ اور وزیر اطلاعات شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمرے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، وہاں سے ان پیش رفت سے وقتاً فوقتا میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ وزیراعظم کے ہمراہ وزرائے خارجہ، دفاع، خزانہ، اطلاعات اور اقتصادی امور بھی سعودی عرب جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمرے کی ادائیگی کریں گے اور بعد ازاں مسجد نبوی ﷺ میں حاضری دیں گے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم کی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس کے علاوہ یہ رہنما علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔