وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں گندم خریداری کے معاملے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعظم نے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کامران افضل کو گندم درآمد کی مکمل شفاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے سفارشات مرتب کرکے پیر کو حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ شہباز شریف نے کہا کہ زائد گندم درآمد کرنے والوں کے نام سامنے لائے جائیں۔
وزیر اعظم سے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کامران افضل نے ملاقات کی، جس میں شہباز شریف نے انہیں گندم درآمد کی مکمل شفاف تحقیقات کا حکم دیا۔
وزیر اعظم نے یہ ہدایت بھی کی کہ ریکارڈ اور دستاویزات کو سامنے رکھ کر سفارشات مرتب کرکے پیر کو حتمی رپورٹ پیش کی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مجھے ذمہ داروں کا واضح تعین کرکے بتایا جائے، رپورٹ میں کوئی لگی لپٹی مت رکھیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نگران دور حکومت میں درآمد کی گئی گندم کی شفاف تحقیقات کی جائیں، گندم درآمد کرنے کی منظوری کس نے دی، زائد گندم درآمد کرنے والوں کے نام سامنے لائے جائیں، اور ان کے خلاف کارروائی بھی تجویز کی جائے۔
گندم بحران پر تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس جاری
گندم بحران پر تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی کا اجلاس ختم ہوچکا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ انوار الحق کاکڑ کو طلبی کا کوئی باقاعدہ نوٹس نہیں ملا۔
دوسری جانب وفاقی سیکرٹری کابینہ نے گندم انکوائری سے متعلق خبر کی تردید کی ہے، سیکرٹری کابینہ ڈویژن کامران علی افضل کا کہنا ہے کہ نہ تو انوار الحق کاکڑ اور نہ ہی محسن نقوی کو طلب کیا ہے، دونوں حضرات کو طلب کیے جانے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
کامران علی افضل نے کہا کہ میں اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کر رہا ہوں، میری انکوائری سے متعلق غلط خبریں چلائی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابق سیکرٹری فوڈ سکیورٹی کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے کمیٹی کو بیان ریکارڈ کرا دیا، سابق سیکرٹری فوڈ محمد آصف نے بھی اپنا بیان تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے ریکارڈ کرادیا، تحقیقاتی کمیٹی نے سابق نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کو بھی طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق نگران دور کی دیگر اہم شخصیات ، وزرا، وفاقی سیکرٹری کو بھی طلب کیا جائے گا۔
تحقیقات کے بعد کارروائی کیلئے معاملہ نیب، ایف آئی اے کے سپرد کرنے کی آپشن بھی زیر غور ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر انکوائری کمیشن بھی قائم کرنے کا آپشن موجود ہے۔
گندم کی صورتحال اور خریداری کے حوالے سے جائزہ اجلاس
ملک میں گندم کی صورتحال اور خریداری کے حوالے سے لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جائزہ اجلاس بھی ہوا جس میں گندم کے حوالے سے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر رانا تنویر، ایم ڈی پاسکو عماد نذیر احمد اور سیکرٹری فوڈ معظم اقبال بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں کسانوں کی مشکلات حل کرنے اور ان کو ریلیف دینے کے طریقہ کار پر بھی غور ہوا۔
وزیر اعظم شہباز شریف ملک میں گندم کے بحران کی رپورٹ قائد نواز شریف کو پیش کریں گے، قائد نون لیگ نواز شریف نے گذشتہ روز پنجاب میں گندم کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ لی تھی۔
وزیراعظم کی زر صدارت ایف بی آر کا اجلاس
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایف بی آر افسران، وزیر اعظم کو ٹیکس وصولیوں پر بریفنگ دیں گے۔
اجلاس میں شرکت کے لئے ایف بی آر افسران کو ماڈل ٹاؤن پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں افسران کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔