پیر, دسمبر 23, 2024
4:07 صبح
پیر 22-6-1446

Stay Connected

0مداحپسند
0فالورزفالور
3فالورزفالور
4,440سبسکرائبرزسبسکرائب کریں

Latest posts

ہومخبريںحکومت نے 9 مئی کی ویڈیوز جاری کردیں، کیسز کا جلد فیصلہ...

حکومت نے 9 مئی کی ویڈیوز جاری کردیں، کیسز کا جلد فیصلہ سنانے کا مطالبہ – Pakistan

حکومت نے نو مئی واقعات کے ناقابل تردید ثبوت کے طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج میڈیا پر جاری کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں کو قوم سے فوری معافی مانگنے یا خود کو احتساب کے لیے پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ہفتے کو وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران تمام الیکٹرانک میڈیا کے لیے 9 مئی کے واقعات سے متعلق سی سی ٹی وی آڈیو ویڈیو فوٹیج جاری کیں، جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ فوٹیج ہیں جو اس سے قبل منظر عام پر نہیں لائی گئیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کہتے رہے ہیں کہ 9 مئی کے واقعات میں ان کے لوگ ملوث نہیں ہیں، اگر ہیں تو ثبوت دکھائے جائیں اگر ہمارے لوگ ملوث ہوئے تو وہ قوم سے معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور بانی جس پارسائی کا دعویٰ کر رہے ہیں اس کے برخلاف آج یہ فوٹیج قوم کے سامنے لا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی بتائیں کیا یاسمین راشد، شہریار آفریدی، عثمان ڈار، مراد سعید ان کی جماعت کے اراکین نہیں ہیں۔ جنہیں آڈیو ویڈیو اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں خود توڑپھوڑ اور احکامات جاری کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مراد سعید نے باقاعدہ ایک ویڈیو پیغام میں کا کہا کہ سب لوگ اپنے اپنے اہداف پر پہنچیں، تمام ثبوت سامنے ہیں، ویڈیوز اور آڈیوز سامنے ہیں، ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے، شہریار آفریدی کو سنا جا سکتا ہے کہ وہ کہہ رہے ہیں کہ جی ایچ کیو جائیں گے، یاسمین راشد گاڑی کی چھت پر کھڑی ہو کر کہہ رہی ہیں پورے جھتے کو لے کر کور کمانڈر ہاؤس جا رہی ہیں۔

عطا تگارڑ کے مطابق مراد سعید نے ویڈیو پیغام جاری کیا اوراپنے اہداف پر پہنچنے کی ہدایات کیں، شفقت محمود نے اعتراف کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے منصوبہ پیش کیا تو انہوں نے اس منصوبے سے اتفاق نہیں کیا۔ صمصام بخاری نے بھی بانی پی ٹی آئی کے منصوبے سے اتفاق نہیں کیا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں کی ہدایات پر فوجی اور دفاعی تنصیبات پر حملے کیے گئےاور شہدا کی یادگاروں کی توڑ پھوڑ اور بے حرمتی کی گئی، یہ سب کچھ پی ٹی آئی نے سیاسی بیانیہ مضبوط بنانے کے لیے کیا ، ہم نے پہلے بھی کہا اور آج بھی کہتے ہیں کہ پاکستان ہے تو سیاسی جماعتیں بھی ہیں، وزارتیں بھی ہیں، کوئی سمجھتا ہے کہ فلاں نہیں تو پاکستان نہیں ہے تو یہ اس کی بھول ہے، پاکستان 27 ویں رمضان کی شب معرض وجود میں آیا تھا یہ قائم ہے اور ہمیشہ قائم رہے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے تھے کہ 9 مئی کے واقعات ہونے سے روکا کیوں نہیں گیا؟ تو ان فوٹیجز میں نا قابل تردید ثبوت پیش کر رہے ہیں، پولیس نے پرامن طور پرتمام فسادیوں کو روکنے کی کوشش کی، بانی پی ٹی آئی چاہتے تھے کہ لاشیں گریں لیکن پولیس نے ان کا یہ منصوبہ بھی ناکام بنایا۔

ان لوگوں کو توڑ پھوڑ کرنے سے روکتے ہوئے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی ایک آنکھ چلی گئی، کئی پولیس جوان شدید زخمی ہوئے، پھر بھی یہ کہتے ہیں کہ انہیں روکا کیوں نہیں گیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی والے بتائیں کہ ملک کو تباہ کرنے کے لیے بار بار کوششیں کس نے کیں، ملک کو ڈیفالٹ کرانے کے لیے ’آئی ایم ایف‘ کو خط کس نے لکھے؟، طالبان کو واپس پاکستان میں کون لایا؟، 9 مئی کے واقعات کس نے کروائے، ایسا تو 70 سالوں میں ملک کا دشمن بھی نہیں کر سکا جو پی ٹی آئی کے حواریوں نے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور اس کے حواریوں نےاپنی انا کی تسکین کے لیے ملک کے خلاف قدم اٹھایا ہے، 9 مئی کے حملے جو دشمن نہیں کر سکا وہ پی ٹی آئی نے کیا، راولپنڈی، گجرانوالہ، لاہور، مردان، میانوالی، پشاور کی فوٹیج جاری کر دی ہیں، فیصلہ قوم کرے گی کہ آیا ان میں یہ کون لوگ ہیں جو ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ ویڈیو پہلے کبھی سامنے نہیں لائی گئیں، آج قوم کے سامنے وہ ثبوت لا رہے ہیں جو اس سے پہلے کبھی سامنے نہیں لائے گئے، قوم دیکھے کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی نے وہ کچھ کیا جو آج پاکستان کے خلاف خوارج کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے ہر قدم پاکستان کے خلاف اٹھایا، ان کا منصوبہ تھا کہ کسی طرح لاشیں گریں، ڈنڈوں، کیلوں، غلیلوں سے اپنے حواریوں کو مسلح کر کے بھیجا گیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان شواہد کے سامنے آنے کے بعد بانی پی ٹی آئی اور ان کے حواری قوم سے معافی مانگیں یا پھر قوم کے سامنے احتساب کے لیے اپنے آپ کو خود پیش کریں گے۔

Related articles