افغانستان کے مشرقی حصہ میں شدید بارش کے باعث 40 افراد جاں بحق اور 347 زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ قریشی بدلون نے بتایا کہ جلال آباد اور ننگرہار کے بعض اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے 40 افراد جاں بحق اور 347 زخمی ہوئے۔
بچوں کے حقوق کی تنظیم سیو دی چلڈرن نے دعویٰ کیا ہے کہ ننگر ہار میں سیلاب کے بعد 1500 سے زائد بچے لاپتا ہوگئے یا کسی خوف کے باعث خود گھر چھوڑ گئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہلاکتیں شدید طوفان اور بارشوں کی وجہ سے ہوئیں جس سے درخت، دیواریں اور لوگوں کے گھروں کی چھتیں گر گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔
بدلون کے محکمہ کی طرف سے شیئر کی گئی تصاویر میں سفید اور نیلے رنگ کی وردی پہنے طبی عملے کو زخمیوں کا علاج کرتے دکھایا گیا ہے۔